بیجنگ۔پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ، مریم نواز نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی نئی بلندیوں تک پہنچ چکی ہے اور وہ چین کے ساتھ مل کر پنجاب کو اقتصادی اور معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔
یہ بات مریم نواز نے چین کے آٹھ روزہ دورے کے دوران بیجنگ میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات میں کہی۔ چینی وفد کے سربراہ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز اور ان کے وفد کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔
بیجنگ ایئرپورٹ پر پہنچنے پر وزیر اعلیٰ مریم نواز اور ان کے وفد کا بھرپور استقبال کیا گیا، اور انہیں گلدستہ پیش کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے استقبال کے لیے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے چھ اعلیٰ عہدیدار ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
ان میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لن تاؤ، قونصلر ساؤتھ ایشین افیئرز مسز لی جین یاؤن، بیورو آف ساؤتھ ایسٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر چن ژاینبو، ساؤتھ ایشین افیئر اتاشی سینگ گویو اور مسز چن یو بو اور مس ژؤ چن یو شامل تھے۔
پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور ان کی اہلیہ نے بھی وزیر اعلیٰ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا، جبکہ پاکستانی سفارت خانے کے دیگر افسران بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
مریم نواز کے ہمراہ سینیٹر پرویز رشید، سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، وزراء بلال اکبر، عاشق کرمانی اور دیگر افراد بھی اس وفد کا حصہ ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کا آٹھ روزہ دورہ کل سے اپنے سرکاری مصروفیات کا آغاز کرے گا، جس کے دوران وہ چین کے اسپتالوں، اسکولوں اور دیگر اداروں کا دورہ بھی کریں گی۔