گجرانوالہ: وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے عدالت نے انہیں گرفتار کرکے 12 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں درج مقدمے کے حوالے سے جوڈیشل مجسٹریٹ نے یہ وارنٹ جاری کیے۔ مقدمے میں سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر، سٹی صدر سلمان خالد، اور ایم پی اے عمران خالد بٹ پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔
پولیس نے عدالت میں 173 کی رپورٹ جمع کرائی، جس میں رانا ثنا اللہ کو بے گناہ قرار دیا گیا تھا، تاہم عدالت نے اس رپورٹ کو مسترد کر دیا۔ مزید یہ کہ مقدمے کا چالان بھی پولیس نے تاخیر سے پیش کیا، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
عدالتی حکم کے مطابق مقامی پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ رانا ثنا اللہ کو فوری طور پر گرفتار کرکے آئندہ سماعت میں پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ رانا ثنا اللہ پر الزام ہے کہ انہوں نے کنٹینر ہٹاتے ہوئے پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کی، جس کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔