ریاض۔سعودی عرب نے پاکستان کو فراہم کردہ 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت ایک سال کے لیے مزید بڑھا دی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سعودی عرب نے پاکستانی معیشت کی مدد کے لیے 3 ارب امریکی ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔
بیان کے مطابق سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی) نے مملکت سعودی عرب کی جانب سے 5 دسمبر 2024 کو مکمل ہونے والے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت کو ایک سال تک بڑھا دیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) میں جمع کی گئی تھی، اور ڈپازٹ کی مدت میں توسیع سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کو مسلسل فراہم کی جانے والی معاونت کا حصہ ہے۔
اس توسیع سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور ملک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں بہتری آئے گی۔
اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کا معاہدہ پہلی مرتبہ 2021 میں سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ساتھ کیا گیا تھا، جس کے بعد 2022 اور 2023 میں سعودی فرمان کے تحت اس میں مزید توسیع کی گئی۔ یہ توسیع دونوں برادر ممالک کے مابین گہرے تعلقات کا غماز ہے۔