اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیٹرول کی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی معاشی صورتحال اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسمگل شدہ ایندھن کے خلاف کریک ڈاؤن اور پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی وجہ سے پاکستان کی پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت نومبر 2024 میں 25 ماہ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی، جو 1.58 ملین ٹن تک رہی، اور یہ انتہائی خوش آئند ہے۔
وزیراعظم نے پیٹرول کی اسمگلنگ کے خلاف مزید سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں سال بہ سال 15 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو توانائی کی مارکیٹ میں بحالی کی نشاندہی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے سیمنٹ انڈسٹری میں ویڈیو اینالیٹکس کی تنصیب کا کام جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اہم معاشی اصلاحات میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، اور اس کے مثبت اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ اچھی پالیسیوں اور بروقت فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، جو ملک کی معیشت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔