واشنگٹن۔نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
امریکا کے معروف اخبار واشنگٹن ایگزمینر میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ مشورہ دیا گیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی سیاست سے خود کو الگ رکھیں، کیونکہ یہ امریکی مفادات کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
مضمون میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت عملی امریکا مخالف ہے، اور انہوں نے اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے امریکا کے خلاف مہم چلائی، جس سے انہیں عوام میں پذیرائی ملی۔
بین الاقوامی تعلقات کے تناظر میں، بانی پی ٹی آئی کی شخصیت پر اعتبار کرنا مشکل ہے، کیونکہ ان کی طالبان کی حمایت، دہشت گردی کے خلاف جنگ پر ان کا موقف، اور اسامہ بن لادن کے بارے میں خیالات امریکا کے مفادات سے متصادم ہیں۔
مضمون میں یہ بھی کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی ایک متنازعہ شخصیت ہیں، اور امریکی حکومت کسی نئے تنازعے کا سامنا کرنے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
پاکستان اور امریکا کے تعلقات ہمیشہ مشترکہ مفادات اور دیرپا امن کی ضمانت رہے ہیں، اور امریکی حکومت کی بہتری بانی پی ٹی آئی سے دور رہنے میں ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات میں خلل اس صورت میں پڑ سکتا ہے اگر پی ٹی آئی کے بانی کو حمایت حاصل ہو۔