لاہور۔وائس چیئر پرسن اورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب اور چیف کوارڈی نیٹر انٹرنیشنل افئیرز بیرسٹر امجد ملک نے وزیراعظم شہباز شریف سے لاہور میں ملاقات کی اور وزیر اعظم کو ملکی معیشت کیلئے دن رات محنت کرنے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بیرسٹر امجد ملک کو وائس چیئرپرسن اوورسیز کمیشن پنجاب کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے اور کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبودو کیلئے وفاقی اور پنجاب حکومت مل کر اقدامات کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ان کے دل کے انتہائی قریب ہیں اور اوورسیز وزارت، اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن اور اوورسیز کمیشن میں پہلی فرصت میں تعیناتیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت کام کرنے پر اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ فتنہ گروہ کی پسپائی سے عوام کو ریلیف دینے کے معاملات میں مزید تیزی آئے گی۔
وائس چیئر پرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن بیرسٹر امجد ملک نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ او پی ایف اور او پی سی پنجاب مل کر سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کریں گے۔ بیرسٹر امجد ملک نے اقتصادی پہیہ گھمانے اور سٹاک ایکسچینج کو بلند سطح پر لے جانے پر حکومت کو مبارکباد دی۔
بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ اگر 9 مئی کے بلوائیوں کے وقت پر ٹرائل ہو جاتے تو اب والی صورتحال مختلف ہوتی۔انہوں نے تارکین وطن کیلئے سپیڈی ٹرائل کورٹ کا قانون پاس کروانے اور پی آئی اے کی یورپ میں ڈائریکٹ فلائٹ کی پابندی کے خاتمے پر وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر بیرون ملک سوشل میڈیا پراپیگنڈافیکٹریوں کے عمل دخل اور فیک نیوز کو روکنا ہوگا تاکہ ہیجان ، عوام میں سنسنی خیزی اور نفرت کے پھیلا کو روکا جاسکے۔