اسلام آباد۔اعلیٰ حکومتی عہدیدارنے تصدیق کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اڈیالہ جیل میں ہی موجود ہیں اوربخیریت و عافیت ہیں،سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں بےبنیاد اور من گھڑت ہیں اس کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں ،عمران خان کو ملٹری کسٹڈی میں دی جانے والی خبر بالکل بے بنیاد ہے ،تحریک انصاف کوسنسنی پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے۔
’’بلوم پاکستان اردو‘‘ کی تحقیقاتی ٹیم نے گزشتہ رات ہی کنفرم کرلیا تھا کہ عمران خان جیل میں ہی موجود ہیں جبکہ مزید تصدیق صبح ہوگئی تھی ۔
دوسری جانب اڈیالہ جیل ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ عمران خان جیل میں ہی ہیں،انہیں کہیں منتقل نہیں کیا گیا، ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے، بلڈ پریشر اور شوگر لیول نارمل ہے، دن میں 2 بار ورزش کرتے ہیں، کھانے کا خاص خیال رکھا جاتا ہے، سکیورٹی کےلئے عملہ ہر وقت موجود رہتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ تحریک انصاف کے رہنما و سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کو جی ایچ کیو منتقل کیا گیا ہے کہ جہاں انہیں انتہائی ایک چھوٹے سے کمرے میں رکھا گیا کہ اور ان کی آنکھوں پر دن کے اوقات میں کالی پٹی باندھی گئی ہے جبکہ رات کے اوقات میں یہ پٹی کھول دی جاتی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان کو ذہنی ٹارچر کیا جارہا ہے اور اس کے کھانے میں ایسی ملاوٹ کی جا سکتی ہے جس سے ان کی صحت کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں ۔