اسلام آباد۔وفاقی حکومت نے مقررہ آخری تاریخ گزر جانے کے باوجود غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو فوری طور پر بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وی پی اینز کی رجسٹریشن کی مہلت میں توسیع دینے یا نہ دینے پر ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم ڈیڈ لائن گزر جانے کے باوجود غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو فی الحال معطل نہیں کیا جائے گا۔
پی ٹی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود وی پی اینز کی رجسٹریشن کا عمل جاری رہے گا، اور غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے تحریری ہدایات ملنے کے بعد اس معاملے پر کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ فی الحال پی ٹی اے، غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کے حوالے سے وزارت داخلہ کی ہدایات کا انتظار کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی اے نے وی پی اینز کی رجسٹریشن کے لیے 30 نومبر کی آخری تاریخ مقرر کی تھی، تاہم آئی ٹی انڈسٹری، فری لانسرز اور دیگر متعلقہ فریقین کی جانب سے اس مہلت میں توسیع کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔