اسلام آباد (شاہد میتلا)چینی سفارتخانہ نےمریم نوازکی وجہ سے پاکستان کےساتھ ناراضگی سے متعلق خبر کوجھوٹ قرار دےدیا۔ تفصیلات کےمطابق گزشتہ روز سینیٹر فیصل واوڈا نے ٹی وی ٹاک شو میں دعویٰ کیا تھا کہ چین مریم نواز کی وجہ سے پاکستان سے ناراض ہوا ہے۔مریم نواز نے چینی سفیر سےکہا تھاکہ پاکستان میں بندے مرنا معمولی بات ہے جس کاچینی سفیر نے برا منایا اور بیان بھی دیا۔
اس خبر پر موقف جاننے کے لئےبلوم پاکستان اردو نے چینی سفارت خانہ سے رابطہ کیا جس پر ترجمان کا کہنا تھا اس خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔چینی سفیر کی حال ہی میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے۔چینی سفیر کی آخری ملاقات ستمبر میں دورہ لاہور کے دوران ہوئی تھی جس میں انھوں نے پنجاب میں ترقی اورحکومتی اقدامات کو سراہا تھا۔
یاد رہے کہ سیاستدان فیصل واوڈا نے حامد میر کے پروگرام میں انکشاف کیاتھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نےچینی سفیر سے غیر مناسب گفتگو کی تھی جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات خراب ہوئے۔اسحاق ڈار نے بھی غیر محتاط گفتگو کی۔فیصل واوڈا نے مریم نواز کی چینی سفیر سے گفتگو کی مذمت بھی کی تھی۔