باکو۔وزیراعظم شہبازشریف نے چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ ژوئی ژانگ کو یقین دلایا ہے کہ حکومت چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن تدابیر اختیار کر رہی ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں کوپ 29 کے ماحولیاتی اقدامات کے اجلاس کے دوران چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ ژوئی ژانگ سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا قدیم دوست ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کا نیا باب شروع ہو چکا ہے۔
پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ دنیا کے 10 بڑے ممالک میں شامل ہے، اسحاق ڈار
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے، اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت کا عزم مضبوط ہے۔
ڈنگ ژوئی ژانگ نے اس موقع پر کہا کہ سیکیورٹی کے چیلنجز کو مشترکہ طور پر حل کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی کے لیے پاک چین تعلقات کے دائرے کو مزید وسعت دینے کی خواہش رکھتے ہیں۔