کراچی: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں نجی شعبوں کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے تاکہ معیشت میں پائیدار ترقی حاصل کی جا سکے۔
کراچی میں سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے زیر اہتمام اسٹارٹ اپ سمٹ سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ٹی کا شعبہ معیشت کی ترقی میں ایک اہم عنصر ثابت ہو گا اور مالیاتی شمولیت میں ٹیکنالوجی کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں جدید ٹیکنالوجیز خاص طور پر آرٹیفشل انٹیلیجنس، معیشت کو نئی سمت دے سکتی ہیں۔
وزیر خزانہ نے اپنے خطاب میں سعودی عرب کے ریاض میں حال ہی میں ہونے والی ملاقات کا ذکر بھی کیا، جہاں انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ ریاض میں ہونے والی کانفرنس کی تھیم آرٹیفشل سپر انٹیلیجنس تھی، جس پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ حکومت کا بنیادی کام پالیسی فریم ورک کو ترتیب دینا اور اس میں تسلسل برقرار رکھنا ہے، جب کہ نجی شعبے کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے کاموں کو بڑھائیں اور نئے مواقع پیدا کریں۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس سمٹ میں سرمائے تک رسائی پر بھی اہم بات چیت کی جائے گی، اور اسٹارٹ اپس نئے مالیاتی حل فراہم کرتے ہوئے مالیاتی رسائی میں اضافہ کریں گے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی سطح پر سرمائے کی فراہمی میں تکنیکی درستگی کا بھی اہم کردار ہے، اور اس حوالے سے پاکستان کو نئے اور جدید حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔