راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں 9 نومبر کو سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے آپریشن میں 6 دہشت گرد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کا آغاز کیا گیا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔
آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
علاقے میں دیگر دہشت گردوں کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی جرات اور کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ “سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنایا۔”
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ قوم اپنی بہادر فورسز پر فخر کرتی ہے اور پاکستان میں دہشت گردوں کو کہیں بھی پناہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ “ہماری قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیں گے۔”