واشنگٹن: امریکا کی نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے کہا ہے کہ وہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دیں گی۔
امریکی یہودیوں کے سامنے خطاب کرتے ہوئے کملا ہیرس نے کہا کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے جوہری ہتھیاروں کے حصول کو روکنے کے لیے تمام آپشنز موجود ہیں۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ اگر میں صدر منتخب ہوں تو ایران اور اس کے حمایت یافتہ دہشت گردوں سے امریکا کی افواج اور مفادات کا تحفظ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کروں گی۔
کملا ہیرس نے یہ بھی کہا کہ ان کی اسرائیل کے ساتھ وابستگی ہمیشہ سے قائم رہی ہے۔ انہوں نے اسرائیل کی سلامتی کے لیے اپنے عزم کو غیرمتزلزل قرار دیا اور کہا کہ بطور امریکی صدر وہ اسرائیلی عوام اور دنیا بھر کے یہودیوں کی حفاظت کے لیے کام کرتی رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اس تنازع کا خاتمہ کیا جائے۔ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہیں کہ تنازع کے خاتمے کے بعد اسرائیل محفوظ رہے، جبکہ غزہ میں جاری مشکلات کا خاتمہ ہو اور فلسطینی عوام اپنا وقار، آزادی اور حق خود ارادی محسوس کرسکیں۔