اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کرپشن میں ملوث افسران کا پتہ لگانے کے لیے ایجنسیوں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر نے افسران کو واضح کیا ہے کہ ادارے میں سزا و جزا کا سخت نظام نافذ کیا جائے گا۔ چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے ایف بی آر ہیڈکوارٹر میں سینیئر ٹیکس افسران (گریڈ 17 اور اس سے اوپر) کے ساتھ خطاب کرتے ہوئے نئے اصلاحاتی منصوبے کے اہم نکات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے افسران کے لیے اضافی مالی مراعات کی منظوری حاصل کر لی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر پہلے سے ہی اچھی کارکردگی والے افسران کو سہ ماہی بنیادوں پر مراعات دے رہا ہے، لیکن اب اس نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔چیئرمین نے واضح کیا کہ وہ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ میں کسی بھی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کریں گے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ان افسران کی نگرانی کریں گے جو بدعنوانی میں ملوث ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ چیئرمین نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ٹیکس نہ دینے والوں کے خلاف اضافی اقدامات کیے جائیں گے اور ٹیکس مشینری کو مزید اختیارات دیے جائیں گے تاکہ مالیاتی اداروں سے معلومات کے تبادلے کے قوانین میں ترامیم کی جا سکیں۔