واشنگٹن: امریکی صدارتی الیکشن میں اپوزیشن کے امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ مشتبہ قاتلانہ حملے کے بعد اپنی پختگی اور عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات سے ان کا حوصلہ پست نہیں ہو سکتا، اور وہ اپنی صدارتی مہم جاری رکھیں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ پرعزم رہیں گے اور ان کے حوصلے میں کوئی کمی نہیں آئے گی، چاہے ان پر حملے ہوتے رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صدارتی مہم اسی شدت اور جوش کے ساتھ جاری رہے گی۔
پچھلے روز، ٹرمپ پر دوسرا قاتلانہ حملہ ہوا جو فلوریڈا کے ویسٹ پام بیچ میں واقع ٹرمپ گالف کلب کے قریب پیش آیا۔ حملے کے وقت، ڈونلڈ ٹرمپ گولف کھیل رہے تھے۔ امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے تصدیق کی ہے کہ حملہ آور ٹرمپ کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔
یاد رہے کہ جولائی میں بھی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایک انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ ہوئی تھی جس میں وہ زخمی ہو گئے تھے۔ اُس واقعے میں حملہ آور کی فائرنگ سے ریلی میں شریک ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا جبکہ سیکیورٹی سروسز کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور ہلاک ہو گیا تھا۔