سرینگر۔بھارتی فوج نے جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب دو کشمیری شہریوں کو شہید کر دیا۔
یہ کارروائی بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں انجام دی۔
کشمیر میڈیا کے مطابق، قابض بھارتی فورسز نے ضلع پونچھ میں داخلی اور خارجی راستے بند کر کے سرچ آپریشن کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے گھروں میں زبردستی داخل ہو کر خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
آپریشن کے دوران موبائل نیٹ ورک اور ٹیلی فون سروسز معطل کر دی گئیں، جبکہ ایمبولینسوں کو بھی علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔
مزید برآں، بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔
شہداء کی لاشیں ان کے اہلخانہ کے حوالے کرنے کے بجائے بھارتی پولیس کے سپرد کر دی گئیں۔