اسلام آباد ۔ایف آئی اے نے ایک کارروائی کے دوران بین الاقوامی ایکٹیو سمز فروخت کرنے والا گروہ گرفتار کرلیا۔ترجمان کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل پشاور نے غیر قانونی بین الاقوامی ایکٹیو سمز کی فروخت میں ملوث پانچ رکنی گروہ کو گرفتار کیا ہے، جن میں فیضان الدین، محمد اسلم، محمد خلیل، رامین رضا، اور عابد شامل ہیں۔
ملزمان کو چھاپا مار کارروائی کے دوران پشاور کے علاقے صدر میں واقع ایک موبائل شاپ سے گرفتار کیا گیا، جہاں وہ بین الاقوامی سمز کی غیر قانونی فروخت میں ملوث تھے۔ یہ غیر قانونی سمز مختلف مشکوک سرگرمیوں میں استعمال ہوتی تھیں۔
ترجمان کے مطابق بین الاقوامی سمز کی فروخت سے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔ کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی سمز برآمد کر لی گئیں۔ اس چھاپا مار کارروائی میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور مقامی پولیس کی ٹیم بھی شامل تھی۔ ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔