اسلام آباد۔ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی فلیگ شپ ڈیوائس، آئی فون 17 پرو، کے حوالے سے تصاویر لیک ہونے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
گزشتہ ماہ مبینہ آئی فون 17 پرو کی تصاویر منظر عام پر آئیں، جن میں فون کے پچھلے حصے پر روایتی چوکور کیمرا کٹ آؤٹ کے بجائے ایک منفرد کیمرا وائزر دیکھا گیا۔ بعد میں ان تصاویر کی تردید کر دی گئی تھی، لیکن حالیہ لیک ہونے والی ایک اور تصویر اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ آئی فون 17 سیریز کے ڈیزائن میں کیمرا وائزر شامل ہوسکتا ہے۔
تازہ ترین تصویر معروف ایپل لیکر “ماجن بیو” نے شیئر کی ہے، جن کا ایپل کی لیکس کے حوالے سے ایک زبردست ریکارڈ ہے۔ اس تصویر میں آئی فون 17 سیریز کے دو بیک پینل دکھائے گئے ہیں۔ تصویر میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ پینل کس ماڈل سے متعلق ہیں، تاہم ان میں سنگل کیمرا کٹ آؤٹ نمایاں ہے۔
افواہوں کے مطابق، آئی فون 17 میں پچھلے حصے پر سنگل کیمرا کا استعمال متوقع ہے، اور یہی نئی تصاویر ممکنہ طور پر اس کے بیک پینل کو ظاہر کر رہی ہیں۔
یہ تصاویر ایپل کے مداحوں میں کافی تجسس پیدا کر رہی ہیں، اور شائقین کو اب اس بات کا انتظار ہے کہ آیا یہ افواہیں درست ثابت ہوں گی یا نہیں۔