لندن۔رواں ماہ سے نظام شمسی کے چھ سیارے ایک قطار میں نظر آئیں گے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق مریخ، زہرہ، زحل، مشتری، یورینس اور نیپچون آج سے ایک لائن میں نظر آنا شروع ہوں گے، اور 28 فروری تک عطارد بھی ان میں شامل ہو جائے گا۔
مریخ، مشتری، زحل اور زہرہ کو براہ راست آنکھ سے دیکھا جا سکے گا، جبکہ دیگر سیاروں کا مشاہدہ خلائی دوربین کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔ سیاروں کا ایک قطار میں ہونا ’سیاروں کی پریڈ‘ کہلاتا ہے، جو ایک نایاب فلکیاتی منظر پیش کرتا ہے۔
برطانیہ کے ففتھ سٹار لیبز میں سائنس کمیونیکیٹر اور ماہر فلکیات جینیفر میلارڈ نے کہا کہ سیاروں کو براہ راست اپنی آنکھوں سے دیکھنا ایک منفرد تجربہ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ گوگل پر ان سیاروں کا خوبصورت منظر دیکھا جا سکتا ہے، لیکن جب آپ انہیں حقیقی طور پر دیکھتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ روشنی کے ذرات نے خلا سے لاکھوں یا اربوں میل کا سفر کر کے آپ کی آنکھوں تک پہنچنے کا عمل مکمل کیا ہے۔
یہ نایاب 7 سیاروں کی پریڈ فروری کے آخر میں شروع ہو گی، جو فلکیات کے شوقین افراد کے لیے ایک منفرد موقع ہوگا۔