لاہور۔پنجاب یونیورسٹی کی اراضی پر گزشتہ پچاس سال سے ہونے والے غیر قانونی قبضے کو ختم کر دیا گیا اور غیر مجاز تعمیرات کو منہدم کر دیا گیا۔
وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کی ہدایات پر پچاس سال بعد غیر قانونی قابضین سے اراضی واگزار کرالی گئی، جہاں جامعہ پنجاب کے ہیلتھ سینٹر کے قریب 37 خاندانوں نے قابض کر رکھا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کچھ غیر متعلقہ افراد اور اثرورسوخ والے ملازمین نے 12 کنال سرکاری اراضی پر ناجائز تعمیرات کی تھیں، جبکہ بعض ملازمین نے یہ زمین بیچ کر غیر متعلقہ افراد کو قبضہ دے دیا تھا۔
نئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے چارج سنبھالتے ہی غیر قانونی قبضے کا نوٹس لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ غیر قانونی تعمیرات فوراً گرا دی جائیں۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹر محمد علی نے قبضہ واگزار کرانے کے حوالے سے کسی بھی اہم شخصیت کی سفارش کو مسترد کیا، اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ریحان صادق کی قیادت میں انتظامیہ نے رات کی تاریکی میں آپریشن کر کے غیر قانونی تعمیرات گرا دیں۔