لاہور۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کے لیے 62 ارب روپے کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں اس پروگرام سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ انہوں نے مئی تک 40 ہزار افراد کو قرض فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت قرض فراہم کرنے کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی اور 15 سے 20 لاکھ روپے تک قرض کی رقم بڑھانے کی تجویز کا جائزہ لینے کا حکم بھی دیا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پنجاب بھر میں تقریباً پانچ ہزار شہری اس پروگرام کے تحت قرض حاصل کر چکے ہیں، جبکہ 4200 سے زائد مکانات کی تعمیر تیزی سے مکمل ہونے کے قریب ہے۔
روڈا (راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی) اور ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ کے اشتراک سے مستحق خاندانوں کو تیار شدہ گھر فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ ہر بے گھر فرد کے پاس اپنی چھت ہو۔ اپنا گھر ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔