اسلام آباد: تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ خواجہ آصف اور مریم نواز جس انداز میں بات کر رہے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ ہر ممکن طریقے سے مذاکرات کو ناکام بنایا جائے، اور پھر کہا جاتا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی ٹویٹ کر رہے ہیں۔
اپنے ردِ عمل میں اسد قیصر نے کہا کہ ہم مظلوم پارٹی ہیں، ہمارے ساتھ ظلم کیا گیا ہے۔ ہمارے جو تحفظات اور مطالبات تھے، ان میں کمی کی تاکہ ملک آگے بڑھے۔ ملک جس صورتحال سے گزر رہا ہے، سرحدوں کی حالت، معیشت کی صورت حال، اور عوام میں مایوسی ہے۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ ہم نے پاکستان کے مفاد میں ایک قدم آگے بڑھانے کی کوشش کی، اور میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ نہ ہم کسی خوف میں مبتلا ہیں، نہ ہم کسی سے ڈر رہے ہیں۔ اگر ہم نے اپنے تحفظات کو پیچھے کیا ہے تو یہ صرف پاکستان کے مفاد میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ہماری ملاقات کرائی جائے گی، لیکن اب حکومت کی جانب سے مختلف حیلے بہانے کیے جا رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں آئین کی حکمرانی، آزاد عدلیہ، سول سپرمیسی، اور مضبوط پارلیمنٹ ہو۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک کو واقعی عوام کی مرضی کے مطابق چلایا جائے۔ ہم ہر صورت میں اپنے موقف پر قائم ہیں۔ جیل میں بانی پی ٹی آئی جو مشکلات برداشت کر رہے ہیں، وہ صرف ملک کے لیے ہیں، اور پوری قوم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے ہماری کمٹمنٹ ہے، اس لیے ہم اعتماد سے بات کر رہے ہیں، لیکن مریم نواز اور خواجہ آصف جو باتیں کر رہے ہیں، اس پر انتہائی افسوس ہے۔ جو کچھ بھی ہم کر رہے ہیں، وہ پاکستان کے مفاد میں کر رہے ہیں۔