لاہور۔لاہور ہائی کورٹ میں دائر ایک درخواست میں سوشل میڈیا کے متعدد پلیٹ فارمز پر پابندی لگانے کی درخواست کی گئی ہے۔
درخواست میں ایک شہری اسلم نے ایڈووکیٹ ندیم سرور کے ذریعے وفاقی حکومت اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو فریق بنایا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گھریلو خواتین کو دکھایا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے روایتی خاندانی نظام تباہ ہو رہا ہے۔
درخواست گزار نے یہ موقف اختیار کیا کہ پاکستان میں ہر دوسرا شخص یوٹیوب چینل چلاتا ہے اور ان چینلز کا استعمال بلیک میلنگ کے لیے کیا جا رہا ہے۔ ان ایپلیکیشنز پر غیر اخلاقی ویڈیوز اپ لوڈ کی جا رہی ہیں تاکہ ویوز حاصل کیے جائیں اور پیسہ کمایا جا سکے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر جعلی ویڈیوز بھی اپ لوڈ ہو رہی ہیں۔ شہری نے درخواست کی کہ لاہور ہائی کورٹ سٹیزن پروٹیکشن رولز کے تحت ان پلیٹ فارمز کو بند کرنے کا حکم دے۔