کراچی۔پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وسائل کی تقسیم میں سندھ کے ساتھ ناانصافی کی جاتی ہے اور جب حق نہیں ملتا تو مسائل بہت بڑھ جاتے ہیں۔
ہفتہ کے روز کراچی میں شاہراہ بھٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے اپنی زندگی میں کراچی پر سب سے زیادہ توجہ دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے کراچی کی ترقی اولین ترجیح ہونی چاہیے، اور وہ فخر کے ساتھ کہتے ہیں کہ ان کا خاندان تین نسلوں سے سندھ کے عوام کی خدمت کر رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے شہید بے نظیر بھٹو کے ترقی کے وژن کو عملی جامہ پہنایا ہے۔ بے نظیر بھٹو نے کراچی کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے کام کیا اور مصطفیٰ کمال سے پوچھا جا سکتا ہے کہ سندھ کے لیے سب سے زیادہ فنڈز آصف علی زرداری نے دیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے کراچی کی ترقی ضروری ہے، اور ان کا مشن سندھ کے عوام کی ترقی اور بے نظیر بھٹو کے وژن کو آگے بڑھانا ہے۔
بلاول بھٹو نے بتایا کہ سندھ میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کامیابی سے چل رہی ہے اور ان کا منصوبہ ہے کہ سندھ میں پانی کے مسائل بھی اسی طریقے سے حل کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی ماڈل کے تحت انرجی پارکس بھی بنائے جانے چاہیے۔