نئی دہلی ۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی یوزویندر چاہل نے اپنی اہلیہ دھنا شری ورما سے طلاق کی افواہوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ان کے ذاتی زندگی سے متعلق قیاس آرائیوں میں نہ الجھیں۔ انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر کہا کہ وہ اپنے مداحوں کی محبت اور حمایت کے شکرگزار ہیں اور انہیں سکھایا گیا ہے کہ ہمیشہ اچھا چاہو اور محنت سے کامیابی حاصل کرو۔
چاہل نے مزید کہا کہ حالیہ واقعات کے باعث لوگ ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں تجسس رکھتے ہیں اور سوشل میڈیا پوسٹس میں ایسی قیاس آرائیاں دیکھنے کو ملی ہیں جو حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان قیاس آرائیوں سے ان کے خاندان کو تکلیف پہنچ رہی ہے اور اس لیے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ان کی ذاتی زندگی میں مداخلت نہ کریں۔
یاد رہے کہ طلاق کی افواہیں اس وقت شروع ہوئیں جب یوزویندر اور دھنا شری نے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو ان فالو کیا اور یوزویندر نے اہلیہ کے ساتھ اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کر دیں۔ دھنا شری نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا تھا کہ ٹرولز بے بنیاد الزامات لگا کر ان کے کردار کو بدنام کر رہے ہیں۔