نیو یارک۔نیویارک کی عدالت نے امریکی نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہش منی کیس میں مجرم قرار دے دیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق، نیویارک کی عدالت نے اس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ٹرمپ کو مجرم قرار دیا، تاہم عدالت نے فیصلے میں یہ کہا کہ ٹرمپ پر قید یا جرمانہ عائد نہیں کیا جا رہا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال مئی میں امریکی عدالت نے فحش اداکارہ کو رقم کی ادائیگی سے متعلق کیس میں ٹرمپ پر عائد الزامات درست قرار دیتے ہوئے انہیں مجرم قرار دیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر فحش فلموں کی اداکارہ سٹارمی ڈینئلز کو 1 لاکھ 30 ہزار ڈالر کی ادائیگی سے متعلق 34 الزامات عائد کیے گئے تھے، جیوری نے تمام 34 الزامات کو درست قرار دیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام تھا کہ ان کے سٹار می ڈینئلز کے ساتھ جنسی تعلقات تھے اور انہیں چھپانے کے لیے 2016 کے صدارتی انتخابات کے موقع پر سٹارمی ڈینئلز کو رقم دی گئی تھی، جس کے نتیجے میں ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن جیت گئے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کو سزائے سنائے جانے کے لیے کیس کی مزید سماعت ابتدائی طور پر 11 جولائی 2024 کو ہونی تھی جو متعدد مرتبہ ملتوی ہوئی۔