لاہور۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین نے ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کیا۔ پی ٹی آئی اراکین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا کر سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
اجلاس کی صدارت ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی، ظہیر احمد چنڑ کر رہے تھے، جس میں حکومت اور اپوزیشن کے ارکان نے شرکت کی۔ وزیر زراعت پنجاب کی تقریر کے دوران، اپوزیشن اراکین نے نعرہ بازی کی اور پی ٹی آئی کے اراکین نے عمران خان کی رہائی کے حق میں بینرز اٹھا کر ایوان میں نعرے لگائے۔
اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر نے پی ٹی آئی اراکین کو نعرے بازی سے روکنے کی کوشش کی اور انہیں اپنی نشستوں پر بیٹھنے کی ہدایت کی، جس کے بعد حزب اختلاف نے واک آؤٹ کر دیا۔
اپوزیشن لیڈر احمد خان بچھر نے کہا کہ 9 مئی 2023 سے لے کر 26 نومبر 2026 تک ان کے ایم پی ایز کے ساتھ پولیس کے ذریعے کی جانے والی زیادتیوں پر ایک تحریک استحقاق جمع کرائی گئی تھی، مگر اس پر کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس ان کے ارکان پر ظلم کر رہی ہے، اور استحقاق کمیٹی ان کی تحریک پر کوئی نوٹس نہیں لیتی۔ اس لیے اپوزیشن نے ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔
بعد ازاں، ڈپٹی اسپیکر ظہیر احمد چنڑ نے وزیر قانون پنجاب صہیب بھرتھ اور سمیع اللہ خان کو اپوزیشن ارکان کو منانے کے لیے بھیجا، جس کے بعد اپوزیشن کے اراکین ایوان میں واپس آ گئے۔