اسلام آباد ۔پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شیر افضل مروت اور مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ کے درمیان اختلافات ختم ہوگئے، اور دونوں نے ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہوئے بھائی قرار دیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے دروازے پر دونوں رہنماؤں کا آمنا سامنا ہوا، جہاں انہوں نے گرمجوشی کے ساتھ ملاقات کی۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ اب ہمارے دل میں ایک دوسرے کے لیے کوئی گلہ شکوہ باقی نہیں رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سیاسی کارکن ہیں، جو واقعہ ہوا تھا وہ ماضی کا حصہ بن گیا ہے، اور اس کے بعد ہم آذربائیجان میں بھی اکٹھے ہوئے تھے۔ انہوں نے سینیٹر افنان اللہ کو چھوٹے بھائی کی طرح قرار دیا۔
سینیٹر افنان اللہ نے بھی شیر افضل مروت کو اپنا بھائی قرار دیتے ہوئے ان کے بیان سے اتفاق کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ 2023 میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ایک ٹی وی پروگرام کے دوران تلخ کلامی اور جھگڑے کا واقعہ پیش آیا تھا۔