لاہور۔معروف پاکستانی اداکارہ ماریہ واسطی نے کہا ہے کہ ایوارڈ شوز میں نامزدگیاں ذاتی پسند اور تعلقات کی بنیاد پر کی جاتی ہیں۔
حال ہی میں ماریہ واسطی نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔ ایوارڈ شوز سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چاہے یہ بالی ووڈ ہو یا پاکستان، اکثر یہ معاملات پسندیدگی اور تعلقات پر منحصر ہوتے ہیں۔
ماریہ واسطی کا کہنا تھا کہ جب کسی کو سفارش کی بنیاد پر ایوارڈ دیا جاتا ہے تو یہ بات واضح طور پر نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جانچنا ضروری ہے کہ ایوارڈ دینے والے کون ہیں اور ان کی تعریف یا تنقید کا معیار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آسکر ایوارڈز کے اپنے اصول اور معیار ہیں، ورنہ باقی ایوارڈ شوز تو محض رسمی تقریبات ہوتی ہیں۔ ماریہ واسطی نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی لابی کی وجہ سے انہیں نقصان پہنچا ہو، تو اس بارے میں وہ لاعلم ہیں۔
یاد رہے کہ ماریہ واسطی تنزانیہ میں پیدا ہوئیں اور 1990 کی دہائی سے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا حصہ ہیں۔ ان کے پہلے ڈرامے “سارہ اور عمارہ” سے ہی انہیں شہرت حاصل ہوئی، اور وہ جلد ہی کامیابی کی منازل طے کرتی گئیں۔ اپنے کیریئر میں انہوں نے 50 سے زائد ڈراموں میں کام کیا اور مشکل کرداروں کو بھی بھرپور مہارت سے نبھایا۔