اسلام آباد۔پاکستان کی ترجمان دفتر خارجہ، ممتاز زہرا بلوچ نے واضح کیا ہے کہ ملک کی سکیورٹی سے متعلق فیصلے صرف پاکستانی قوم کرے گی اور کسی بھی بیرونی دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھی مختلف پابندیوں کا سامنا کیا، لیکن ہمیشہ اپنی سلامتی کو اولین ترجیح دی ہے اور مستقبل میں بھی اسی اصول پر عمل کرے گا۔ امریکی پابندیوں پر بات کرتے ہوئے، ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ یہ پابندیاں پاکستان کے دفاعی فیصلوں پر کوئی اثر نہیں ڈال سکتیں۔
انہوں نے امریکی اقدامات کو غیر ضروری اور ناانصافی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان پابندیوں سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت یا پوزیشن متاثر نہیں ہوگی۔ مزید یہ بھی کہا کہ خطے میں میزائل اور جوہری ٹیکنالوجی کی دوڑ کا آغاز بھارت نے کیا، اور بڑی عالمی طاقتوں کو بھارت کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے چاہییں تاکہ اس دوڑ کو روکا جا سکے۔
یورپی یونین کے فوجی عدالتوں پر تحفظات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین اور عدالتی نظام میں اپنے اندرونی معاملات حل کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنے مسائل خود حل کرنا جانتی ہے اور کسی بیرونی مداخلت کی ضرورت نہیں۔