اسلام آباد۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کی تعداد سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت اسلام آباد پولیس کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کی نئی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی گئی جب کہ سندھ، کے پی اور بلوچستان میں درج مقدمات کی رپورٹ بھی سیکرٹری داخلہ نے عدالت میں پیش کی۔
اسلام آباد پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمران خان کے خلاف وفاقی دارالحکومت میں مزید 14 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں جس کے بعد ان پر اسلام آباد میں درج مقدمات کی تعداد 76 ہوگئی جب کہ اس سے قبل مقدمات کی تعداد 62 تھی۔
بانی پی ٹی آئی کےخلاف بلوچستان میں درج مقدمات کی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی جس کے مطابق صوبے میں ان پر 2 مقدمات درج تھے جن میں سے ایک خارج ہوچکا ہے۔ بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کے حصول کے لیے عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی درخواست نمٹادی۔