دبئی ۔متحدہ عرب امارات میں جمعرات کو مبینہ طور پر اغوا ہونے والے اسرائیلی یہودی ربی، زوی کوگن، کی لاش ملی ہے۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، اس قتل کے الزام میں تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اسرائیلی حکومت نے دعویٰ کیا کہ زوی کوگن کو یہودیوں سے نفرت کی بنیاد پر اغوا کر کے قتل کیا گیا۔ یہ ربی تین دن قبل لاپتا ہوگیا تھا اور آرتھوڈوکس یہودی گروپ چیبیڈ سے وابستہ تھا، اور حلال گوشت فروخت کرنے والی رِمان مارکیٹ کا مالک تھا۔
اسرائیلی وزیرِاعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی حکومت اس قتل کے ذمہ داروں کو کسی صورت نہیں چھوڑے گی اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائے گی۔
اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے زوی کوگن کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مقتول کی لاش کا سراغ لگایا اور اسرائیل کو اس کی اطلاع دی۔
متحدہ عرب امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے نے اتوار کی صبح زوی کوگن کے لاپتا ہونے کی اطلاع دی تھی، مگر یہ نہیں بتایا تھا کہ وہ اسرائیلی شہری ہے، اور صرف اسے ایک مولدوون ربی کے طور پر ذکر کیا تھا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ 28 سالہ ربی کی لاش کہاں سے ملی۔
اسرائیلی حکومت نے اپنے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس وقت متحدہ عرب امارات کا غیر ضروری سفر نہ کریں، اور جو وہاں موجود ہیں وہ اپنے نقل و حرکت کو محدود رکھیں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔