لاہور۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران پنجاب پولیس کے افسران اور اہلکاروں پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے پولیس کانسٹیبل پر فائرنگ کے واقعے پر گہرے دکھ اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی، ڈی ایس پی سمیت 20 سے زائد اہلکاروں کا زخمی ہونا نہایت افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مظاہرین کے پاس شارٹ مشین گنز، آنسو گیس، چاقو اور ماسک جیسا سامان دیکھا گیا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ مظاہرین نے ایسا اسلحہ استعمال کیا جو عام طور پر صرف پولیس کے پاس ہوتا ہے۔ غازی بروتھا، میانوالی، ہزارہ موٹروے اور دیگر مقامات پر بھی فائرنگ کے واقعات پیش آئے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کو تصادم سے بچنے کے لیے پہلے ہی غیر مسلح رکھا گیا تھا، جبکہ گزشتہ احتجاج کے دوران بھی ایک کانسٹیبل شہید اور 25 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسا احتجاج ہے جس میں سرکاری وسائل کا استعمال ہو رہا ہے؟ یہ احتجاج نہیں بلکہ مسلح دہشت گردی کی کوشش ہے۔