بیجنگ: چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش ناکام رہے گی۔
چینی ترجمان نے مزید کہا کہ چین پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں میں بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور غیر ملکی چینی شہریوں اور اداروں کی سلامتی کو ثابت قدمی کے ساتھ یقینی بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ عزم کے ساتھ کام کریں گے اور چین پاکستان تعلقات کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی سازش کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
لین جیان نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور پاکستان ایک مستقل اسٹریٹیجک شراکت داری کے حامل ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کو کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہو سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں معاونت فراہم کرتا رہے گا اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دے گا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو اس کے فوائد حاصل ہوں۔