اسلام آباد ۔کیا بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے پاس کوئی جادو کی چھڑی ہے؟ اور عمران خان انہیں اپنا مرشد کیوں کہتے ہیں؟ اس حوالے سے کچھ وضاحتیں سامنے آئی ہیں۔
سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی شادی کے پس پردہ حالات کا تفصیلی ذکر خود بشریٰ بی بی کی بہن مریم وٹو نے حالیہ انٹرویو میں کیا ہے۔
دبئی میں مقیم مریم وٹو نے ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں نہ صرف موجودہ سیاسی صورتحال پر بات کی، بلکہ اپنے بہن بشریٰ بی بی اور عمران خان کے درمیان تعلقات کی ابتدا کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا تحریک انصاف سے تعلق 2022ء سے ہے اور وہ اس وقت بھی پارٹی کی رکن تھیں جب عمران خان ان کے بہنوئی نہیں بنے تھے۔ مریم وٹو نے کہا کہ ان کی پارٹی میں شمولیت پر تنقید کرنا درست نہیں، کیونکہ وہ تحریک انصاف کے ساتھ کافی عرصے سے وابستہ رہی ہیں اور پارٹی کے لیے محنت کی ہے۔
مریم وٹو نے مزید کہا کہ گزشتہ سال اکتوبر میں پی ٹی آئی کے مارچ کے دوران بشریٰ بی بی کا کردار بھی اہم تھا، جس پر ان سے مختلف سوالات کیے گئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے وضاحت کی کہ بشریٰ بی بی کے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں، بلکہ ان کی شخصیت میں دین، قرآن اور علم کا گہرا اثر ہے، اور یہی چیزیں انہیں عمران خان کا قریبی مشیر بناتی ہیں۔
انہوں نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ جو لوگ بشریٰ بی بی پر جادو، ٹونے یا تعویز جیسے الزامات لگاتے ہیں، انہیں سنجیدہ نہیں لینا چاہیے، کیونکہ ایسی باتیں صرف وہ لوگ کرتے ہیں جو ذہنی الجھن کا شکار ہوتے ہیں۔
جب انٹرویو کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی کی شادی کے آغاز کے بارے میں سوال کیا گیا تو مریم وٹو نے کہا کہ وہ عمران خان کی ذاتی زندگی پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتیں، تاہم ایک موقع پر جب انہوں نے ٹی وی پر عمران خان کو پریشان دیکھ لیا تو انہیں بشریٰ بی بی اور عمران خان کی ملاقات کا انتظام کیا۔ بعد میں عمران خان نے انہیں ای میل کے ذریعے شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا: “شکریہ! آپ نے میری زندگی بدل دی ہے۔”