اسلام آباد۔ پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ عوام کی حمایت، فوج اور سول اداروں کی کوششوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتیں گے۔ پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن خودکش دھماکے کے شہدا کی نمازجنازہ کوئٹہ گیریژن میں ادا کی گئی، جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ، گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے علاوہ صوبائی وزرا بھی شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کوئٹہ کے دورے میں کمبائن ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) کا دورہ کیا اور کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مشن کو قومی عزم کے ساتھ جاری رکھا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے پوری قوم ثابت قدم ہے۔عوام کی حمایت، فوج اور سول اداروں کی کوششوں سے جنگ جیتیں گے۔
واضح رہے کہ آج صبح بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں خود کش کے نتیجے میں خاتون سمیت 26 افراد جاں بحق اور 62 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔