اسلام آباد۔چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد علی رندھاوا سے انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان (آئی اے پی) کے وفد نے صدر اے آر ذوالفقار علی کی قیادت میں ملاقات کی. وفد میں آئی اے پی کے نائب صدر اور دیگر سینئر اراکین بھی شامل تھے.آئی اے پی کے وفد نے مفاہمت نامہ (ایم او یو) پیش کیا جس میں آئی اے پی اور سی ڈی اے کے درمیان مستقبل کے تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا. تاکہ اسلام آباد کی ترقی اور آرکیٹیکچرل جدت اور ڈیزائن کو بہتر بنایا جاسکے.۔ایم او یو میں دارالحکومت کے آرکیٹیکچرل ڈیزائن اور شہری منصوبہ بندی کو بہتر بنانے کے لئے مشترکہ ویژن پیش کیا گیا. جس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایسے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے جس سے شہر کی پائیدار ترقی، آرکیٹیکچرل جدت کو فروغ اور معیار زندگی کو بہتر بنایا جاسکے گا.۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے ہمیشہ ایسے تمام اقدامات کا خیر مقدم اور حمایت کرتا ہے. انہوں نے مفاہمت نامہ (ایم او یو) کو عملی جامہ پہنانے کے لئے باہمی تعاون بڑھانے پر زور دیا.۔وفد نے شہر میں آرکیٹیکچرل معیارات کو بلند کرنے کے لئے اپنی تکنیکی مہارت اور مکمل تعاون فراہم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا.۔دونوں اداروں نے ایک ساتھ مل کر پائیدار شہری ترقی، آرکیٹیکچرل جدت اور اسلام آباد کے رہائشیوں کے لئے خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا.