اسلام آباد: ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے لیے وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، 477 کلومیٹر طویل اس پراجیکٹ کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ماچیکے، تھلیاں، اور تروجبہ پائپ لائن کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت تعمیراتی کام جلد شروع کیا جائے گا۔
یہ منصوبہ، جو کہ ایک تحقیقی اور ترقیاتی پروجیکٹ ہے، پاکستان اسٹیٹ آئل، پارکو، اور انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم کے لیے ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے، جس کی قیادت فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کر رہی ہے۔
وائٹ آئل پائپ لائن موٹروے کے متوازی ماچیکے، تھلیاں، اور تروجبہ کے درمیان دو حصوں پر مشتمل ہے اور اسے اٹک ریفائنری، چک پیرانہ، اور فقیر آباد سے منسلک کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
اس منصوبے کی تعمیر سے تیل کی ہموار سپلائی یقینی ہو گی، جس سے لاگت میں کمی اور قومی خزانے میں اربوں روپے کی بچت ممکن ہوگی۔ پائپ لائن کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی مؤثر سپلائی کو یقینی بنانا، ملاوٹ کی روک تھام، اور حفاظت میں اضافہ کرنا ہے۔ ابتدائی سپلائی کی صلاحیت 7 ملین ٹن سالانہ ہے، جو بعد میں 10 ملین ٹن سالانہ تک بڑھائی جا سکتی ہے۔
یہ پائپ لائن سڑک کی نقل و حمل پر انحصار کم کرنے، ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے، اور تیل کی تقسیم کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کی تکمیل میں تیزی، حکومت اور ایس آئی ایف سی کے ترقی کے عزم کا ثبوت ہے۔