راولپنڈی: انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران متعدد کارروائیوں میں 437 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی ہیں اور 9 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 8 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی منشیات شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق، ایم ون ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی اور ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔ اسی طرح، کالابٹ ٹاؤن بائی پاس ہری پور میں بھی ایک ملزم کے قبضے سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
ایف آئی اے اسلام آباد زون نے 8 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی
گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرتے تھے۔
دیگر کارروائیوں میں، رنگ روڈ لاہور پر ایک گاڑی سے 141.6 کلوگرام چرس اور 16.8 کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔ شمالی بائی پاس گڈاپ ٹاؤن کراچی میں ایک گاڑی سے 126 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں آئی ایم او آفس میں اونٹاریو سے بھیجے گئے پارسل سے 64 گرام ویڈ ملے۔
پشاور رنگ روڈ کے قریب ایک ٹرک سے 58.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ پھلاں والا چوک شاہدرہ لاہور میں 30 کلوگرام افیون ضبط کی گئی اور فیض پور انٹرچینج لاہور کے قریب 27.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ لاہور ایئرپورٹ پر کارگو کمپلیکس سے سعودی عرب بھیجے جانے والے دو کارٹنز میں سے کپڑوں میں چھپائی گئی 21.5 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
موٹروے اسلام آباد کے قریب ایک ملزم سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جبکہ کراچی ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے قبضے سے 1.2 کلوگرام آئس ضبط کی گئی۔
گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔