لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی سے متعلق مقدمات کی سماعت کے دوران جے آئی ٹی کے سربراہ کو طلب کرلیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 9 مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، اعظم سواتی اور دیگر ملزمان عدالت میں موجود تھے۔
سماعت کے دوران جج ارشد جاوید نے کہا کہ تمام ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر مشترکہ سماعت کی جائے گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر ان کیسز میں جے آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے تو اس کا سربراہ عدالت میں کیوں پیش نہیں ہوتا؟
فواد چوہدری نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ان پر 9 مئی کے واقعات کا کوئی الزام نہیں ہے اور وہ 7 مئی کی مبینہ سازش والی میٹنگ میں شامل نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ مئی میں انہوں نے صرف اس بات کا اظہار کیا تھا کہ اگر عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد نہیں ہوتا تو یہ ملک کے حق میں نہیں ہوگا۔