اسلام آباد: سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مہم چلانے کے الزام میں صحافی اور یوٹیوبر عمران ریاض کے ساتھ سات دیگر افراد کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ملزمان میں عمران ریاض، مجاہد علی شاہ، اللہ نواز خان، سہیل احمد، عمر صادق، صدیق انجم، اور مصدق عباسی شامل ہیں۔ مقدمہ جی 14 اسلام آباد کے احمد صادق خان کی درخواست پر ’پریویسی کی خلاف ورزی‘ کے تحت پیکا ایکٹ کی دفعہ 20، دھمکیوں اور اعانت جرم کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
مدعی نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزمان نے سوشل میڈیا پر ان کے چچا، جو کہ حاضر جج ہیں، اور عدلیہ کے خلاف مہم چلا کر ریاستی اداروں اور جج کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ ان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے مدعی اور ان کے خاندان پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کر کے انہیں ہراساں اور بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق انکوائری کے دوران رپورٹ کی تصدیق کے بعد مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم کے ذریعے مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کا امکان ہے، اور اطلاعات کے مطابق اس نوعیت کے مقدمات دوسرے وی لاگرز اور یوٹیوبرز کے خلاف بھی درج کیے جا سکتے ہیں۔