ریاض ۔ ماضی میں دنیا کے سب سے زیادہ وزنی شخص رہنے والے سعودی شہری خالد بن محسن شعری نے اپنا وزن 542 کلوگرام کم کرکے سب کو حیران کن کامیابی دکھائی ہے۔
2013 میں خالد بن محسن شعری کا وزن 610 کلوگرام تھا اور وہ تین سال سے زیادہ وقت تک بستر پر رہنے پر مجبور تھے۔ ان کی حالت اتنی خراب ہو چکی تھی کہ وہ اپنی بنیادی ضروریات کے لیے بھی دوستوں اور خاندان پر انحصار کرنے لگے تھے۔
خالد کی حالت دیکھ کر سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ نے ان کے علاج معالجے کے لیے سرکاری اخراجات کی اجازت دی۔
خالد کو جازان میں واقع ان کے گھر سے ریاض کے کنگ فہد میڈیکل سٹی منتقل کرنے کے لیے فورک لفٹ اور خصوصی طور پر تیار کردہ بستر کا استعمال کیا گیا۔
30 طبی ماہرین کی ٹیم نے خالد کے لیے ایک سخت علاج اور غذائی منصوبہ تیار کیا۔
خالد کے علاج میں گیسٹرک بائی پاس سرجری، خصوصی خوراک، ورزش، اور فزیوتھراپی سیشن شامل تھے، جن کا مقصد اس کی حرکت دوبارہ بحال کرنا تھا۔
ناقابل یقین طور پر صرف چھ ماہ میں خالد کے جسمانی وزن میں تقریباً نصف کمی واقع ہوئی، اور 2023 تک خالد نے حیران کن طور پر 542 کلوگرام وزن کم کیا، جس سے اس کا وزن صحت مند 63.5 کلوگرام پر پہنچ گیا۔
یہ جسمانی تبدیلی اتنی نمایاں تھی کہ جلد کو ہٹانے کے لیے متعدد سرجریاں کرانا پڑیں، جو کہ ان افراد کے لیے عام ہوتا ہے جو وزن میں بڑی مقدار میں کمی کرتے ہیں، کیونکہ جلد نئی جسمانی حالت کے مطابق ڈھل نہیں پاتی۔