کراچی: اداکارہ نمرہ خان نے اپنی مزاحمت سے اغوا کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں بتایا کہ ایک دن قبل انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی، جسے انہوں نے اپنی ہمت سے ناکام بنا دیا۔ اس واقعے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے نمرہ خان روتے ہوئے نظر آئیں۔
نمرہ خان کے مطابق، وہ ایک ہوٹل کے باہر اپنی گاڑی کا انتظار کر رہی تھیں، کہ اچانک تین مسلح افراد نے ان کی گاڑی روک دی اور اسلحے کے زور پر انہیں گاڑی میں زبردستی بٹھانے کی کوشش کی۔
نمرہ خان نے وضاحت کی کہ انہوں نے خود مزاحمت کی اور فٹ پاتھ پر دوڑنا شروع کر دیا، جبکہ قریب موجود لوگوں میں سے کسی نے بھی انہیں بچانے کی کوشش نہیں کی۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ مسلح افراد نے ان کا پیچھا کیا اور وہ انہیں گولی بھی مار سکتے تھے۔ تاہم، سڑک سے گزرنے والی ایک گاڑی رک گئی اور اس میں موجود فیملی اور ہوٹل کے عملے نے ان کی مدد کی۔
نمرہ خان نے سوال کیا کہ اگر پاکستان میں خواتین محفوظ نہیں ہیں تو ہم یوم پاکستان کیسے منا سکتے ہیں؟ انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ کیا آپ کہہ سکتے ہیں کہ آپ کی بہن، بیوی، بیٹی اور والدہ پاکستان میں محفوظ ہیں؟ ان کا کہنا ہے کہ اس کا جواب “نہیں” ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے نمرہ خان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور انتظامیہ سے اغوا کی کوشش کرنے والوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
پیرس میں گولڈ میڈل جیتنے والی آسٹریلوی اتھلیٹ کی والدین سے دلچسپ فرمائش
کینبرا: پیرس اولمپکس میں آسٹریلیا کے لیے اسکیٹ بورڈنگ میں گولڈ میڈل جیتنے والی 14 سالہ اریسا ٹریو نے اپنے والدین سے ایک منفرد فرمائش کر دی۔
اریسا ٹریو، جو آسٹریلیا کی سب سے کم عمر گولڈ میڈلسٹ ہیں، نے 7 اگست کو یہ اعزاز حاصل کیا۔ گولڈ میڈل جیتنے کے بعد پریس کانفرنس میں، اریسا نے بتایا کہ ان کے والدین نے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ گولڈ میڈل جیتیں گی تو انہیں تحفے میں پالتو بطخ ملے گی۔
اریسا ٹریو کا کہنا ہے کہ بطخیں بہت پیاری ہوتی ہیں اور وہ ایک بطخ پالنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ والدین انہیں کتا یا بلی رکھنے کی اجازت نہیں دیتے کیونکہ وہ بہت سفر کرتے ہیں، لیکن انہیں لگتا ہے کہ بطخ پالنا زیادہ آسان ہوگا۔
اریسا نے خواتین کے اسکیٹ بورڈنگ فائنل میں 93.18 اسکور کرتے ہوئے سونے کا تمغہ جیتا۔