نئی دہلی: بھارت کی معروف فضائی کمپنی “ائیر انڈیا” ایک بار پھر تنقید کی زد میں آ گئی، جب دہلی سے شکاگو جانے والی طویل پرواز کے دوران پورا کیبن عملہ بیک وقت سو گیا، جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب 18 گھنٹے طویل اور تقریباً 12 ہزار کلومیٹر کے فضائی سفر کے دوران مسافروں کو کسی بھی قسم کی سروس فراہم نہ کی گئی۔ سروس نہ ملنے پر مسافروں نے عملے کو تلاش کرنا شروع کیا تو حیران کن طور پر پورا کیبن کریو بزنس کلاس میں سویا ہوا پایا گیا، اور بعض خراٹے بھی لے رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق، ائیر انڈیا کی نجی ملکیت میں منتقلی کے بعد اس قسم کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ہوابازی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ائیر انڈیا عام طور پر عملے کے آرام کے لیے بزنس کلاس میں مخصوص نشستیں خالی رکھتی ہے، لیکن اس طرح پورے عملے کا بیک وقت سو جانا فضائی تحفظ کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
یاد رہے کہ ائیر انڈیا کو حال ہی میں نجی شعبے کو منتقل کیا گیا ہے، جس کے بعد سے کمپنی کی سروس میں تنزلی اور انتظامی بے ضابطگیوں کی شکایات عام ہو چکی ہیں۔