اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمتوں میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کمی جبکہ صنعتی صارفین کیلئے بجلی 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ سستی کر دی۔
بجلی کے نرخوں میں کمی کے حکومتی پیکیج کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جون 2024 میں گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت 48 روپے 70 پیسے تھی وہ اس وقت 45 روپے 5 پیسے فی یونٹ ہے، آج گھریلو صارفین کیلئے مزید 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کمی کر رہے ہیں، گھریلو صارفین کو 34 روپے 37 پیسے فی یونٹ بجلی ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت فی یونٹ 58 روپے 50 پیسے تھی، سب کی کاوشوں سے وہ قیمت 48 روپے 19پیسے ہوچکی ہے، آج اس میں مزید 7 روپے 59 پیسے کمی کا اعلان کر رہا ہوں، جس کے بعد صنعتی صارفین کیلئے فی یونٹ 40 روپے 60 پیسے ہوگیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سالانہ 600 ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے، بجلی کی چوری روک لی تو مزید سستی کریں گے، ڈسکوز کو فوری طور پر پرائیوٹائز کریں گے، اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں۔
تقریب کے آغاز پر وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب کے شرکاء اور قوم کو عید کی مبارکباد پیش کی اور کہا آج عید کے موقع کی مناسبت سے پاکستان کی معاشی ترقی و استحکام کیلئے ایک ادنیٰ سے خوش خبری سنانے کیلئے آیا ہوں۔