راولپنڈی ۔سیکیورٹی فورسز نے افغان سرحد سے دہشت گردوں کی پاکستان میں داخل ہونے اور دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے جوابی کارروائی میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 5 اور 6 اپریل کی درمیانی رات، اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دہشت گردوں کے ایک گروہ نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی پیش قدمی کو روکتے ہوئے فوری طور پر جوابی کارروائی کی، جس کے دوران شدید فائرنگ اور جھڑپ میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ چار زخمی ہوئے جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے متعدد بار افغان حکومت کو دہشت گردوں کی دراندازی اور موجودگی کے بارے میں آگاہ کیا ہے اور یہ مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گرد گروپوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افغان حکومت سے بار بار درخواست کی گئی کہ وہ سرحدی انتظامات کو یقینی بنائے اور اپنی سرزمین پر موجود پاکستان مخالف دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے۔

اعلامے میں کہا گیا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر آپریشن کلین اپ جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے مستعد اور عزم سے کام کر رہی ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کی سیکیورٹی فورسز کو داد

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ کی طرح آج بھی بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کی شمالی وزیرستان میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا، اور پاکستانی فوج نے دراندازی کرنے والے 8 دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دینے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتی ہے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور حوصلے پر فخر کرتی ہے۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version