جہلم۔وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی کا کہنا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ چند روز قبل جعفر ایکسپریس کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں سکیورٹی فورسز نے شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیاب کارروائی کی اور سینکڑوں پاکستانیوں کی جانیں بچائیں۔ اس سانحے میں 26 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنایا، اس وقت تک 26 افراد شہید ہو چکے تھے۔ پاک فوج کے بروقت ریسکیو آپریشن کے نتیجے میں 354 مسافروں کی جانیں محفوظ رہیں، جبکہ شہداء میں 18 کا تعلق پاک فوج اور ایف سی سے تھا۔ ہماری افواج روزانہ وطن کے تحفظ کے لیے قربانیاں دیتی ہیں۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ دہشت گردی کے ایسے حملوں کا کوئی جواز نہیں ہوتا، یہ عناصر نہتے شہریوں کی جان لیتے ہیں، اور ہم اس انتہا پسندی اور نفرت کے خلاف اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم ان لوگوں کے خلاف بھی کھڑے ہیں جو بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سازشوں میں ملوث ہیں۔ پاکستان اس جنگ میں ضرور کامیاب ہوگا۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس پر حملے کے مقام پر مرمت کا کام جاری ہے اور جلد ہی ریلوے ٹریک بحال کر دیا جائے گا۔ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان دن رات ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں، اور میں ان جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے 33 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جعفر ایکسپریس کے واقعے میں بھارت کے ملوث ہونے کے واضح شواہد موجود ہیں۔ بعض سیاسی جماعتیں دہشت گردوں کے پروپیگنڈے کا حصہ بن کر سیاست کر رہی ہیں، اور پی ٹی آئی بھی اس منفی پروپیگنڈے میں شریک رہی۔ بی ایل اے کو بھی دہشت گرد تنظیموں کی طرح سختی سے نمٹا جائے گا، اور ہم حقائق کے ساتھ اس منفی پروپیگنڈے کو شکست دیں گے۔