اسرائیلی فوج کی جارحیت کا سلسلہ جاری، مقبوضہ مغربی کنارے میں کارروائیوں کے دوران 60 سالہ خاتون سمیت 6 فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی اتھارٹی نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے جنین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک معمر خاتون سمیت 6 افراد کو شہید کردیا، جو حالیہ برسوں میں سب سے زیادہ جانی نقصان ہے۔

اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس اسپیشل فورسز نے جنین کے ایک گھر پر چھاپہ مارا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں دو فلسطینی شہید ہوگئے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ منگل کے روز اسرائیلی فوجیوں پر مبینہ طور پر فائرنگ کرنے والے ایک فلسطینی کو بھی گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔

فلسطینی اتھارٹی کے مطابق، اسرائیلی فورسز نے ایک 60 سالہ معمر فلسطینی خاتون پر فائرنگ کرکے انہیں بھی شہید کردیا، تاہم اس حوالے سے اسرائیلی فوج نے کوئی وضاحت نہیں دی۔

اسرائیلی جارحیت میں ایک اور فلسطینی اس وقت شہید ہوا جب اسرائیلی فوج کی گاڑی نے ایک موٹر سائیکل سوار فلسطینی کو ٹکر مار دی۔

رپورٹ کے مطابق، مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی رواں برس جنوری سے جاری کارروائیوں میں اب تک 30 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

ان کارروائیوں کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی اپنے گھروں سے بےدخل ہوچکے ہیں، جبکہ اسرائیلی فوج جنین میں مہاجر کیمپوں، قریبی شہروں اور رہائشی علاقوں کو منہدم کر رہی ہے۔

جنین میں اسرائیلی فورسز نہ صرف فلسطینیوں کے گھروں کو تباہ کر رہی ہیں بلکہ بنیادی ڈھانچے، سڑکوں اور پانی کی پائپ لائنز کو بھی نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version