اسلام آباد۔وفاقی وزارت داخلہ نے افغان شہری کارڈ رکھنے والوں کو 31 مارچ 2025 تک ملک چھوڑنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
وزارت داخلہ کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کا منصوبہ (آئی ایف آر پی) یکم نومبر 2023 سے نافذ العمل ہے، اور اب تمام غیر قانونی تارکین وطن اور اے سی سی ہولڈرز کو 31 مارچ 2025 تک اپنی مرضی سے وطن واپس جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ افغان شہری کارڈ رکھنے والوں کی ملک بدری کا عمل یکم اپریل 2025 سے شروع کر دیا جائے گا، اور انہیں باوقار واپسی کے لیے مناسب وقت فراہم کیا جا چکا ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق، واپسی کے اس عمل کے دوران کسی کے ساتھ ناروا سلوک نہیں کیا جائے گا، جبکہ واپس جانے والے افراد کے لیے خوراک اور طبی سہولیات کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنے عہد اور فرائض کی تکمیل کرتا رہا ہے، اور ملک میں مقیم تمام افراد کو قانونی تقاضے پورے کرنے اور آئین کی پاسداری کرنی ہوگی۔