اسلام آباد ۔صدر مملکت، وزیراعظم، گورنر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سمیت دیگر شخصیات نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ہونے والے خودکش دھماکے اور بے گناہ انسانوں کی ہلاکت کی سخت مذمت کی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنانا ایک قبیح اور ناقابل معافی عمل ہے، دہشت گرد انسانیت، ملک اور قوم کے دشمن ہیں۔ انہوں نے اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی اور ان کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے صبر کی دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس حملے کی شدید مذمت کی اور واقعے کی تفصیلات طلب کیں۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس قسم کی بزدلانہ اور گھناونی دہشت گردی کی کارروائیاں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں، اور ہم ملک میں ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہیں۔